لندن ۔22اکتوبر (اے پی پی):انگلینڈ کی قومی اتھلیٹکس تنظیم یو کے ایتھلیٹکس نے آٹھ سال کے بعد مالی استحکام حاصل کرتے ہوئے پہلی بار منافع کا اعلان کر دیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق دو سال قبل دیوالیہ ہونے کے خطرے سے دوچار ادارے نے 2024 میں 107,588 پاؤنڈ کا منافع حاصل کیا ہے۔سال 2023 میں ادارہ 37 لاکھ پائونڈز کا ریکارڈ خسارہ دکھا چکا تھا، جس کے بعد …
یوکے ایتھلیٹکس نے مالی بحران پر قابو پالیا، آٹھ سال بعد منافع میں داخل

مزید خبریں
لندن ۔22اکتوبر (اے پی پی):انگلینڈ کی قومی اتھلیٹکس تنظیم یو کے ایتھلیٹکس نے آٹھ سال کے بعد مالی استحکام حاصل کرتے ہوئے پہلی بار منافع کا اعلان کر دیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق دو سال قبل دیوالیہ ہونے کے خطرے سے دوچار ادارے نے 2024 میں 107,588 پاؤنڈ کا منافع حاصل کیا ہے۔سال 2023 میں ادارہ 37 لاکھ پائونڈز کا ریکارڈ خسارہ دکھا چکا تھا، جس کے بعد تنظیم یو کے ایتھلیٹکس نے سخت مالی اقدامات اور اندرونی اصلاحات کا سلسلہ شروع کیا۔
ان اصلاحات میں ملازمین کی تعداد 72 سے کم کر کے 62 تک لانا، اور کچھ سپورٹ پروگرامز کو محدود کرنا شامل تھا۔یو کے ایتھلیٹکس نے لندن میراتھن اور گریٹ نارتھ رن کے منتظمین کے ساتھ ایک انقلابی معاہدہ بھی کیا ہے، جس نے مالی بحران سے نکلنے میں اہم کردار ادا کیا۔ یو کے اے کے چیئرمین ایان بیٹی نے منافع کی خبر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم دوبارہ منافع میں داخل ہوگئے ہیں۔ یہ ادارے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے اور اس بات کی دلیل ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں کیے گئے اقدامات کارگر ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم نے مشکل فیصلے کیے، جن میں عملے میں کمی اور کچھ ترقیاتی پروگرامز کی محدود فنڈنگ شامل تھی۔ ہم اب ایک چھوٹا مگر مضبوط ادارہ بن چکے ہیں جو ضروریات پر توجہ دے رہا ہے۔ یو کے ایتھلیٹکس کی اس کامیابی کو برطانوی کھیلوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر تنظیم نے یہی مالی نظم و ضبط جاری رکھا، تو یہ نہ صرف عالمی سطح پر برطانیہ کی کارکردگی کو بہتر بنائے گا، بلکہ نئے سپانسرز اور شراکت داروں کو بھی متوجہ کرے گا۔








