یو ایس ایڈ کے زیادہ تر پروگرام منسوخ کر دیئے جائیں گے، امریکی وزیر خارجہ

115
Secretary of State Marco Rubio
Secretary of State Marco Rubio

واشنگٹن۔11مارچ (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ )کے زیر اہتمام 80 فیصد سے زیادہ پروگرام منسوخ کر دیئے جائیں گے۔

شنہوا کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز سوشل پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ 6 ہفتے کے جائزے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ یو ایس ایڈ کے 83 فیصد پروگراموں کو باضابطہ طور پر منسوخ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5,200 معاہدوں میں دسیوں ارب ڈالر ایسے طریقوں سے خرچ کیے گئے جن کا کوئی فائدہ نہیں ہوا اور بعض صورتوں میں امریکا کے بنیادی قومی مفادات کو بھی نقصان پہنچا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ یو ایس ایڈ کے فنڈز کے استعمال میں غیر معمولی سطح پر بدعنوائی ہوئی ہے اور اسے بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ٹرمپ انتظامیہ یو ایس ایڈ کے زیر انتظام تقریباً تمام غیر ملکی امدادی پروگراموں کو ختم کر رہی ہے۔