ابوظہبی۔31جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے اپنے انسانی ہمدردی آپریشن ’’الفارس الشهم 3‘‘ کے تحت غزہ کی پٹی میں ہسپتالوں اور طبی مراکز کو بڑی مقدار میں طبی سامان اور ادویات فراہم کی ہیں تاکہ وہاں کے سنگین طبی حالات سے نمٹا جا سکے۔متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق غزہ میں کئی ہسپتال اپنی خدمات انجام دینے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے زخمیوں کا علاج شدید متاثر ہورہا ہے۔اس ہفتے کے دوران آپریشن ’’الفارس الشهم 3‘‘ نے فوری طور پر ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز، ریڈ کراس اور العودہ ہسپتال سمیت متعدد اداروں کو 20 ٹن ضروری طبی اشیاء اور ادویات فراہم کی ہیں۔
غزہ کے ہیلتھ سسٹم کے تباہ ہونے کے بعد یہ امداد طبی خدمات کی بحالی کے لیے انتہائی اہم ہے جس کے ساتھ کل امداد کی مقدار اب 400 ٹن سے تجاوز کر چکی ہے۔اس طبی امداد میں بزرگ افراد کے لیے بلڈ پریشر، ذیابیطس اور کولیسٹرول کی ادویات، دل کے امراض، درد کش ادویات، اینٹی بائیوٹکس، سانس اور نظام انہضام کی ادویات، بچوں کے لیے ضروری ادویات، جلدی امراض کے لیے مرہم اور دیگر طبی اشیاء شامل ہیں۔اس سے قبل آپریشن ’’الفارس الشهم 3‘‘ کے تحت غزہ کے تمام ہسپتالوں کو طبی اشیاء، ایمبولینسیں اور دیگر آلات فراہم کیے گئے تھے جس سے ہسپتالوں کی گنجائش میں اضافہ اور بے گھر افراد کے لیے بہتر خدمات کی فراہمی ممکن ہوئی۔