یو اے ای کے سرمایہ کاروں نے پی ایف سی کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا ہے،میاں کاشف اشفاق

163
Mian Kashif Ashfaq

لاہور۔21اگست (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں نے پاکستان فرنیچر کونسل کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے جس سے بین الاقوامی معیارات پر پورا اترتے ہوئے پاکستانی فرنیچر کیلئے عالمی مارکیٹ تک رسائی حاصل میں مدد ملے گی۔ پی ایف سی کے سی ای او میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں ایک وفد خلیجی ریاستوں کے دورہ پر ہے اور اپنے ہم منصبوں کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقاتیں کر رہا ہے۔ یو اے ای سے بدھ کو یہاں موصول ہونے والے ایک پیغام میں میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں اور پی ایف سی کے درمیان تعاون دنیا بھر کی منڈیوں میں پاکستان کے اعلی معیار کے فرنیچر کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے ایک اسٹریٹجک اقدام ثابت ہو گا۔

پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری شاندار دستکاری اور روایتی ڈیزائنوں کے لیے منفرد پہچان رکھتی ہے، اگر اسے جدید پیداواری تکنیکوں اور بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کردیا جائے تو یہ عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ مشترکہ منصوبوں کا مقصد پاکستان کی فرنیچر مینوفیکچرنگ میں جدید ٹیکنالوجی کو شامل کرنا، ڈیزائنوں کی جدت کو بہتر بنانا اور پیداواری کارکردگی میں اضافہ کرنا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ہم ان کے وسیع نیٹ ورکس اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے تجربہ، سرمایہ، مارکیٹنگ اور مارکیٹ تک رسائی کی مہارت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان شراکت داریوں کے ذریعے پاکستان فرنیچر کونسل اپنی پیداواری سہولیات کو اپ گریڈ کرنے اور صارفین کی پسند اور ذوق پر پورا اترنے کے لیے اپنی مصنوعات کا معیار بلند کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

میاں کاشف اشفاق نے امید ظاہر کی کہ یہ کاوشیں دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں معاون ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار اور پی ایف سی مل کر بین الاقوامی فرنیچر مارکیٹوں تک رسائی کی نئی راہیں کھول کر برآمدات میں اضافہ کر سکتے ہیں اور پاکستان کے مینوفیکچرنگ سیکٹر کی مجموعی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔