36.6 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںیک جہتی کا مثالی مظاہرہ کرنے پر پاک فوج، فضائیہ اور تمام...

یک جہتی کا مثالی مظاہرہ کرنے پر پاک فوج، فضائیہ اور تمام سیاسی جماعتوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں ، عبدالقادرپٹیل

- Advertisement -

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادرپٹیل نے کہاہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کو عظیم اورتاریخی فتح ملی ہے، قائدحزب اختلاف کی تقریرایک ڈرے ہوئے شخص کی بزدلی اورشکست خوردگی والی تقریر تھی، اس تقریر کوقومی اسمبلی کے ریکارڈسے حذف کرنا چاہییے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں بھارت کے خلاف تاریخی فتح پراپنے خیالات کااظہارکرتے ہوئے عبدالقادرپٹیل نے کہاکہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کوایک عظیم اورتاریخی فتح ملی ہے، ہم رب کے شکرگزارہیں جس نے ہماری دعائوں کی لاج رکھی، اس صدی کی ایک عظیم فتح اس مملکت خداداد پاکستان کوعطاہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کل تک پوری دنیاسوچ رہی تھی کہ خدانخواستہ ہم کسی لحاظ سے کسی سے کم ترہیں، الحمدللہ ایوان میں موجودتمام جماعتوں، ملک کی ساری سیاسی قوتوں نے تاریخی یکجہتی اورہم آہنگی کامظاہرہ کیا، میں سپہ سالارکوخراج تحسین پیش کرتاہوں جنہوں نے پاکستان کوایک عظیم فتح دلائی، پوری قوم کاسرفخرسے بلندہے، ہم نے صرف بھارت پرنہیں بلکہ پوری دنیا پرثابت کیاہے کہ ہم جنگ نہیں امن کے داعی ہیں لیکن اگرجنگ مسلط کی گئی توپھرہمارے پاس وطن یاکفن اورآزادی یا موت کاراستہ ہے۔

- Advertisement -

اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم مودی کوواضح طورپرکہنا چاہتے ہیں کہ ہم کوئی بھی بلیک میلنگ نہیں کررہے، یہ توصاف بات ہے کہ میدان میں ایک اوردس کی شرح ہے مگرایک کے پاس اللہ اکبرکا نعرہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہے، ہمارے ایک لاکھ لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں، ہمارے مساجد،مدارس میں دھماکوں، کراچی کے واقعات اوربلوچستان میں دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں اورہمارے پاس اس کے ثبوت بھی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مودی اس وقت شکست خوردہ ہے، اس آدمی کی تاریخ رہی ہے کہ یہ لاشوں پرسیاست کرتاہے، شکست خوردگی میں یہ کسی بھی حدتک جاسکتاہے اس لئے ہمیں چوکنا رہناہوگا،ہم مودی کا جواب دینے کیلئے پوری طرح سے تیارہیں۔انہوں نے کہاکہ رافیل پربھارت کوبڑانازتھا، جس لفظ سے پہلے را آتا ہوں تووہ فیل ہی ہوتاہے۔ دنیااب بھارت کوٹیکنالوجی دینے سے پہلے ضرورسوچیں گی، بھارتی میڈیا نے کامیڈین میڈیا کا کردار اداکیاہے، ان کے میڈیا نے کراچی کوچارمرتبہ تباہ کرنے کے دعوے کئے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے سنت نبوی ﷺ کے مطابق رات کے اندھیرے میں نہیں بلکہ صبج کے اجالے میں دشمن کووہ سبق سکھایاہے کہ ان کی چیخیں اب بھی ختم نہیں ہورہی،ہتھیارکے پیچھے شخصیت ہوتی ہے، ہم پاک فوج، فضائیہ اورپاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے یکجہتی کاوہ مظاہرہ کیاہے جس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف کی تقریر ڈرے ہوئے شخص، بزدلی اورشکست خوردگی والی تقریر تھی، اس تقریر کوقومی اسمبلی کے ریکارڈسے حذف کرنا چاہییے، اس تقریر کی تحریری کاپیاں اپوزیشن کے دوستوں اور قوم کو دکھانا چاہئے کہ کس طرح قوم اورفوج کاحوصلہ پست کرنے کی کوشش کی گئی۔قائد حزب اختلاف کی تقریراس ایوان پرایک داغ ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596485

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں