اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری ،سرمایہ کاری اور مواصلات عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ 100سے زائد چینی کمپنیوں کی پاکستان میں آمد خوش آئند ہے اور اب دونوں ملک بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کو مزید فروغ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی سے ملاقات میں کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چین سے ٹیکسٹائل، پلاسٹک، سرجیکل اور فٹ وئیر سمیت مختلف اہم منصوبوں میں سرمایہ کاری ہوگی جبکہ تعمیرات جیسے بڑے شعبے میں بھی "جوائنٹ وینچرز”ہو سکتے ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ چینی کمپنیوں سے پاکستانی اداروں اور سرکاری حکام کو ہر ممکن تعاون کرنا ہوگا جبکہ چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے مابین مشترکہ بزنس سیشن کے انعقاد سے مزید مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ وفاقی وزیر سے ملاقات میں سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ چین میں پاکستانی سفارتخانہ مکمل طور پر متحرک ہے اور بالخصوص کمرشل سیکشن دن رات کام کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے چین میں پاکستانی سفارتخانے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں چینی کمپنیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہوگی۔