25.3 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریں181 ہزار نوجوانوں نے پیڈ انٹرن شپ مکمل کی، 23 ارب روپے...

181 ہزار نوجوانوں نے پیڈ انٹرن شپ مکمل کی، 23 ارب روپے وظائف کی مد میں ادا ہوئے، قائمہ کمیٹی کو رپورٹ پیش

- Advertisement -

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):نیشنل انٹرن شپ پروگرام (این آئی پی) کے تحت اب تک ایک لاکھ 81 ہزار سے زائد نوجوانوں نے اپنی پیڈ انٹرن شپ مکمل کر لی ہے اور انہیں مجموعی طور پر 23 ارب روپے کے وظائف ادا کئے جا چکے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نیشنل انٹرن شپ پروگرام امجد احمد کی جانب سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ نیشنل انٹرن شپ پروگرام 07۔2006 میں شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے حصول سے قبل سرکاری و نجی اداروں میں عملی تربیت اور تجربہ فراہم کرنا تھا۔رپورٹ کے مطابق 2007 سے 2013 تک نیشنل انٹرن شپ پروگرام کے پانچ مراحل میں مجموعی طور پر 99 ہزار 306 نوجوانوں نے کامیابی کے ساتھ انٹرن شپ مکمل کی۔ اس دوران انٹرنز کو 12 ارب روپے کے قریب وظائف ادا کئے گئے۔ ہر انٹرن کو ایک سال کے لئے ماہانہ وظیفہ دیا گیا جس سے نہ صرف ان کے مالی مسائل میں کمی ہوئی بلکہ انہیں مختلف سرکاری و نجی اداروں میں عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع بھی ملا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2015 سے 2018 کے دوران وزیراعظم یوتھ ٹریننگ سکیم کے تحت مزید 81 ہزار سے زائد نوجوانوں کو انٹرن شپ فراہم کی گئی جن میں خواتین کی تعداد 22 ہزار سے زائد رہی۔ ان تین برسوں کے دوران تقریباً 11 ارب روپے کے وظائف نوجوانوں کو ادا کئے گئے۔ اس سکیم میں صوبائی اور علاقائی کوٹہ کے مطابق انٹرنز کی تعیناتی کی گئی۔ پنجاب سے سب سے زیادہ نوجوانوں نے اس پروگرام سے استفادہ کیا جبکہ سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، فاٹا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت کے نوجوان بھی اس میں شامل رہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2007 سے 2019 تک نیشنل انٹرن شپ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 81 ہزار تعلیم یافتہ نوجوانوں نے ایک سالہ انٹرن شپ مکمل کی۔ اس دوران وفاقی حکومت نے تقریباً 23 ارب روپے وظائف کی مد میں فراہم کئے تاہم 2019 کے بعد سے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث پروگرام عملاً غیر فعال ہے۔

- Advertisement -

رپورٹ میں مالی سالوں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں جن کے مطابق 22۔2021 میں 54 کروڑ 54 لاکھ روپے مختص ہوئے جن میں سے 32 کروڑ روپے استعمال ہو سکے۔ 23-2022 میں 55 کروڑ روپے مختص کئے گئے جن میں سے 36 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ 24-2023 میں 57 کروڑ روپے میں سے 39 کروڑ روپے استعمال کئے گئے جبکہ رواں مالی سال 26-2025 کےلئے 53 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں تاہم جولائی 2025 تک صرف 3 کروڑ 79 لاکھ روپے استعمال ہوئے۔ فنڈز کے ایک بڑے حصے کی واپسی کی بنیادی وجہ خالی اسامیاں اور فنڈز کی بروقت دستیابی نہ ہونا بتایا گیا ہے۔نیشنل انٹرن شپ پروگرام نے قائمہ کمیٹی کو تجویز دی کہ مختلف محکموں اور اداروں میں بکھرے ہوئے انٹرن شپ پروگراموں کو ایک چھتری تلے لانے کے لئے نیشنل انٹرن شپ پروگرام کو مرکزی کردار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ این آئی پی کو قومی سطح پر انٹرن شپ کے انتظام کا وسیع تجربہ ہے اس لئے یہ ادارہ نوجوانوں کو عملی تربیت دینے اور مستقبل کے روزگار کے لیے بہتر تیاری فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں