ایگزیٹر رگبی کے ہیڈ کوچ روب بیکسٹر نے فُل بیک ٹومی وائٹ کی 2 سنگین گھٹنے کی انجریز کے بعد واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ 26 سالہ کھلاڑی جلد اپنی بہترین فارم دوبارہ حاصل کرلیں گے۔
2 سنگین انجریز کے بعد ٹومی وائٹ کی واپسی، ایگزیٹر کے کوچ بہترین فارم کی بحالی کے لئے پرامید

مزید خبریں
لندن۔9ستمبر (اے پی پی):ایگزیٹر رگبی کے ہیڈ کوچ روب بیکسٹر نے فُل بیک ٹومی وائٹ کی 2 سنگین گھٹنے کی انجریز کے بعد واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ 26 سالہ کھلاڑی جلد اپنی بہترین فارم دوبارہ حاصل کرلیں گے۔
بی بی سی کے مطابق ٹومی وائٹ نے گزشتہ ہفتے سینڈی پارک میں سکارلیٹس کے خلاف ایگزیٹر کے پری سیزن دوستانہ میچ میں واپسی کی اور پہلے ہاف میں شرکت کی۔ وہ 2024-25 کے سیزن کے آخری میچ میں بائیں گھٹنے کی شدید تکلیف کے باعث گزشتہ پورا سیزن کھیل سے باہر رہے تھے۔اس سے قبل 2024 میں بھی وہ دوسرے گھٹنے میں اسی نوعیت کی انجری کے باعث طویل عرصے تک میدان سے باہر رہے تھے۔ ہیڈ کوچ روب بیکسٹر نے کہا کہ ٹومی وائٹ نے واپسی پر اپنی روایتی جارحانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور گیند کے ساتھ کئی عمدہ رنز بنائے تاہم طویل وقفے کے باعث انہیں مکمل ردھم حاصل کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔
کوچ کے مطابق اب ٹومی وائٹ کی صحت یابی کا مرحلہ ختم ہوچکا ہے اور وہ انہیں صرف انجری سے بحالی کرنے والے کھلاڑی کے بجائے مکمل فٹ کھلاڑی کے طور پر دیکھ سکتے ہیں جو ان کے لئے ایک مثبت پیش رفت ہے۔گزشتہ ڈھائی برس کے دوران طویل عرصہ رگبی سے دور رہنے والے ٹومی وائٹ ایگزیٹر کے لئے ایک نئے کھلاڑی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے 2024-25 کے سیزن میں پریمیئر شپ اور یورپی چیمپئنز کپ کے 10 میچز کھیلے تھے اور ٹیم کو پریمیئر شپ رگبی کپ کے فائنل تک پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
روب بیکسٹر نے کہا کہ جب ٹومی وائٹ انجری کا شکار ہوئے تو وہ پریمیئر شپ کے نمایاں کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے اور حریفوں کو چکمہ دینے اور رابطے کے بعد سب سے زیادہ میٹرز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر ٹومی وائٹ اپنی سابقہ کارکردگی کے قریب بھی پہنچ گئے تو یہ ایگزیٹر کے لیے ایک بہت بڑا اثاثہ ثابت ہوگا۔ ایگزیٹر رواں سیزن کا آغاز ہفتے کو برسٹل کے خلاف پریمیئر شپ رگبی کپ کے میچ سے کرے گی۔







