دو ہزاربیس ء تعمیر نو اور پاکستان کی بہتری کا سال ہوگا، یہ سال نئے پاکستان کے نئے خدوخال کوآگے لے کر چلنے کا سال ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد ۔ 14 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 2020ء تعمیر نو اور پاکستان کی بہتری کا سال ہوگا، یہ سال نئے پاکستان کے نئے خدوخال کوآگے لے کر چلنے کا سال ہے ، موجودہ حکومت نے اپنا پہلا سال اصلاحات میں گزارا جس کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کی صورت میں مشکلات کا بھی …

اسلام آباد ۔ 14 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 2020ء تعمیر نو اور پاکستان کی بہتری کا سال ہوگا، یہ سال نئے پاکستان کے نئے خدوخال کوآگے لے کر چلنے کا سال ہے ، موجودہ حکومت نے اپنا پہلا سال اصلاحات میں گزارا جس کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کی صورت میں مشکلات کا بھی سامنا رہا کیونکہ اصلاحات کا عمل تکلیف دہ ہوتا ہے ، نظام کو بدلنے کی جدوجہدمیں اس گلے سڑے نظام سے جڑے طاقت ور طبقات اور رکاوٹوں کو ہٹانے میں مشکلات ہوتی ہیں، گذشتہ حکومتوں نے معیشت کو چھوٹے چھوٹے نہیں بلکہ گہرے زخم لگائے، قرضوں کو ملکی سطح کی بدترین جگہ پرچھوڑا، کرپشن کا ناسورمٹانے کیلئے بڑی سرجری کی ضرورت تھی۔ ہفتہ کو سیالکوٹ میں نساء انسٹی ٹیوٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہوںکہ اللہ تعالیٰ نے مجھے آپ میں سے چنا اور یہ ذمہ داری دی کہ میں آپ کی شناخت بن سکوں، آپ کے حقوق کی بات کرسکوں مجھے دختر سیالکوٹ کا لقب دیا گیا ہے ، یہ کہلوانا آسان لیکن بننا مشکل ترین کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نساء انسٹی ٹیوٹ کی تعلیمی شعبہ میںخدمات کو دنیا مانتی ہے، انگریز سے آزادی جسمانی طور پر نہیں بلکہ مالی خودمختاری بھی اس آزادی سے جڑی تھی تاہم بدقسمتی سے ہم جسمانی طور پر ہندوستان سے آزاد ہوئے لیکن معاشی طور پر غلامی کی زنجیر میںجکڑے رہے، وزیراعظم عمران خان نے استحکام پاکستان کو یقینی بنایا اب تعمیر پاکستان کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گلے سڑے نظام سے نجات پانے کیلئے ایک سال بھرپورجدوجہد کی ، نظام کو بدلنے کی جدوجہد میں اس سے مستفید ہونے والے اتنے طاقت سے جڑے ہوتے ہیں کہ ان رکاوٹوں کو ہٹانا ایک چیلنج ہوتا ہے جب بھی اصلاحات کا عمل ہوتا ہے تو یہ تکلیف دہ ہوتا ہے جس طرح ایک مریض کو صحت مند بنانے کیلئے ایک کی سرجری تکلیف دہ ہوتی ہے اسی طرح یہ ذہن میں رکھیں گے کہ پاکستان کی معیشت کو چھوٹے چھوٹے زخم نہیں بلکہ گہرے گھائو لگائے گئے تھے، قرضے ملکی سطح کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے تھے اور کرپشن کینسر کی طرح بڑھ گئی تھی اس کو ختم کرنے کیلئے بڑی سرجری کی ضرورت تھی اور یہ کام اصلاحات کے بغیرممکن نہیں تھا، وزیراعظم عمران خان نے یہ کام کردکھایا اورا س وجہ سے عوام کو مہنگائی کی صورت میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا، یہ زخم اب بھرنے کو ہیں، 2020ء تعمیرنو اور بہتری کا سال ہے، نئے پاکستان کے نئے خدوخال کو آگے لے کرچلنے کا سال ہے۔ ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کا مستقبل اور نوید صبح نو ہیں، خوشحال اور روشن پاکستان کی نوید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نساء کالج نے خواتین کو با اختیاربنانے کیلئے خواتین کی تعلیم کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک ملک کے خاکے میںمکمل رنگ نہیں بھرے جاسکتے جب تک ملک کی آبادی کا 52فیصد مکمل طور پر با اختیار نہیں ہوجاتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خاکے میں رنگ بھرنے پر نساء کالج کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے ، اس ادارے سے فیض یاب ہونے والی 90 فیصد بچیاں عملی میدان میں آکر خدمات سرانجام دے رہیں ہیں، یہاں مستقبل کی معمار بیٹھی ہیں جو روشن امید کی چراغ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان چراغوں کو جلنا ہے اور جہالت کے اندھیروں کو ختم ہونا ہے۔