
اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے راہنما وسینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا وہ تابناک دن ہے جب مسلمانان برصغیر نے علیحدہ وجود اور الگ پہچان کے ساتھ آگے بڑھنے کے پختہ عزم کا اظہارکیا، اسی روز علیحدہ وطن کے حصول کیلئے عملی جدوجہد کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
منگل کو یوم پاکستان کی مناسبت سے اپنے ٹویٹ میں سینیٹر شبلی فرازنے کہا کہ آج اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم پاکستان کو قائد اعظم کے زریں اصولوں کے مطابق فلاحی ریاست بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحاد اور یگانگت کے ساتھ ہرمشکل کا سامنا کرناہے۔ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر خاص و عام قانون کے سامنے جواب دہ ہو۔