اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے26 نومبر ،سنگجانی جلسہ و آزادی مارچ کیسزمیں تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں ملزمان پی ٹی آئی کارکنان کو چالان کی نقول فراہم کر دیں۔ پیر کے روز درج چھ مختلف کیسز کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے زاہد بشیر ڈار،مرتضیٰ طوری اور آمنہ علی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں چالان کی نقول تقسیم کر دیں اور غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔عدالت نے مسلسل غیر حاضر ملزمان کا اشتہاری کا پراسس شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے سماعت 4 ستمبر،تھانہ کراچی کمپنی کے مقدمہ کی سماعت 6 ستمبر تک ملتوی کردی
جبکہ تھانہ بہارہ کہو کے مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث کوئی کارروائی نہ ہوسکی۔ عدالت کی جانب سے جیل ٹرائل کیلئے لکھے گئے خط کا کوئی جواب بھی نہ آ سکا اور عدالت نے تھانہ بہارہ کہو کے مقدمہ کی سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 1033 میں کوئی ملزم عدالت میں پیش نہ ہونے پر کیس کی سماعت 5 ستمبرتک ملتوی کردی گئی۔تھانہ نون کے مقدمہ نمبر 706 کی سماعت بھی بغیر کارروائی ملتوی کر گئی۔تھانہ سنگجانی کے مقدمہ نمبر 143میں ملزمان کی حاضری کے بعد کیس کی سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت تھانہ سنگجانی، نون، کوہسار ودیگر میں مقدمات درج ہیں۔