27 جنوری1994کے شہدا کے لواحقین 28 برس گزرنے کے بعد بھی تاحال انصاف کے منتظر ہیں، کل جماعتی حریت کانفرنس

66
Hurriyat Conference

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے کنوینر محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین، سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے کہا ہےکہ بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ وادی کے شمالی قبضے کپواڑہ میں27 جنوری1994کو اندھا دھند فائرنگ کر کے 27بیگناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔

قتل عام کے اس المناک واقعہ کو28 برس گزرنے کے بعد بھی شہدا کے لواحقین تاحال انصاف کے منتظر ہیں۔ہفتہ کو یہاں جاری مشترکہ بیان میں حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے جموں وکشمیر پر غیر قانونی بھارتی تسلط کے خلاف بطور احتجاج ایک روز قبل 26جنوری کو ہڑتال کرنے پر کپواڑہ قصبے کے بازار میں دکانداروں، خریداروں اورراہگیروں کو بے رحمی سے گولیوں کانشانہ بنایا ۔ متاثرہ افراد کے اہلخانہ ابھی تک انصاف کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔قتل عام کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اندوناک قتل عام کے دو روز قبل بھارتی فوج کے فیلڈ افسر ایس بخشی نے کپواڑہ میں دکانداروں کو دھمکی دی تھی کہ اگر انہوں نے 26 جنوری کو ہڑتال کی تواسکے سنگین نتائج برآمد ہونگے تاہم قصبے کے دکانداروں نے بھارتی فوج کی دھمکی نظر انداز کر کے بھارتی یوم جمہوریہ پر ہڑتال کی جس پر قابض فوج نے 27 کشمیریوں کوقتل کردیا۔

ہڑتال کے دوسرے روز 27جنوری کو جب دکانداروں نے دکانیں کھولیں تو بھارتی فوجیوں نے بازار میں داخل ہو کر اندھا دھند گولیاں چلائیں ۔قابض فوجیوں کی فائرنگ سے 27 افرادشہید جبکہ بیسیوں زخمی ہوگئے۔بھارتی فوجیوں نے خون کی اس ہولی کے بعد زخمیوں کو بروقت ہسپتا ل نہیں لے جانے دیا ۔ قتل عام کے اس المناک واقعے کے مجرم بھارتی فوج آج بھی آزادانہ گھوم رہے ہیں اور شہداء کے اہلخانہ تاحال انصاف کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی بے حسی ہے کہ ابھی تک بھارت کو ان سانحات کے بارے میں کوئی پوچھ گچھ نہیں کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔۔

انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کے ادارے سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل عام کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے اور جنگی جرائم میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں انہوں نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت بیش کیا۔