شمالی وزیرستان سے ایک سالہ بچے میں پولیو کیس کی تصدیق ہوئی، پاکستان نیشنل لیبارٹری نے رواں سال تیسرے پولیو کیس کی باقاعدہ تصدیق کی ہے، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شمالی وزیرستان سے ایک سالہ بچے میں پولیو کیس کی تصدیق ہوئی ہے مجموعی طور پر اس سال پاکستان سے قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں واقع پاکستان نیشنل لیبارٹری نے تیسرے پولیو کیس کی باقاعدہ تصدیق کی ہے۔

ایک اور بچہ عمر بھر کے لئے ایسی بیماری سے معذور ہوگیا ہے جس کا تدارک ممکن ہے بحیثیت قوم پولیو کا خاتمہ نہ ہونا ایک بہت بڑا المیہ ہے، ایک بھی کیس ہمارے لئے بہت بڑا نقصان ہے ۔ انہوں نے مذید کہا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے لازمی ہے کہ ہر مہم میں تمام بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں جائیں۔

وزیر صحت نے کیس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بذات خود پولیو کے خاتمے کی کوششوں کی نگرانی کر رہا ہوں میں نے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد خیبرپختونخوا کا دورہ کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی ہےاور ابھی مذید حساس اضلاع ک دورہ بھی کروں گا۔