تیسری پاکستان کنسٹرکشن ایکسپو 16سے 18ستمبرتک اسلام آبادمیں منعقد ہوگی

123

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):تعمیراتی شعبے میں نئے رجحانات کے فروغ کیلیے تیسری پاکستان کنسٹرکشن ایکسپو 16سے 18ستمبرتک اسلام آبادمیں منعقد ہوگی ، ایکسپو میں آگاہی سیشنز کے ذریعے تعمیراتی سیکٹر کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے ساتھ ساتھ کنسٹرکشن سیکٹر میں جدت لانے کے لیے ماہرین بات چیت کریں گے ۔

کنسٹرکشن ایکسپوکا انعقاد راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام پاک چائنا فرینڈشپ سنٹر اسلام آباد میں ہوگا ۔ایکسپو18ستمبر تک جاری رہے گی ۔آر سی سی آئی کے صدر چوہدری ندیم اے رئوف نے’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ کنسٹرکشن انڈسٹری سے 40سے زائد شعبے منسلک ہیں تاہم پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث اس سیکٹر کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ۔

راولپنڈی چیمبر کنسٹرکشن انڈسٹری کی ترقی کے لیے قبل ازیں دو کامیاب ایکسپو کروا چکا ہے جبکہ ستمبر میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام تیسری پاکستان کنسٹرکشن ایکسپو منعقد کی جائے گی، ایکسپو کا مقصد کنسٹرکشن کے شعبے سے وابستہ انڈسٹری کی مصنوعات اور پوٹینشل کی معلومات تشہیر کرنا ہے، ایکسپو کے موقع پر آگاہی سیشن بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ انڈسٹری میں جدت لانے اور ترقی میں حائل رکاوٹوں کو اجاگر کیا جاسکے۔

ندیم رف نے کہاکہ تعمیراتی لاگت میں اضافے کے باعث ہمیں سستے، معیاری اور ماحول دوست کنسٹرکشن میٹریل کی ضرورت ہے، نمائش میں کنسٹرکشن اور الائیڈ انڈسٹری سے وابستہ میٹریل ، سرامکس، ٹائیلز، الیکٹرک کیبلز، انٹیریر، پینٹ اور ہارڈ وئیر سمیت مختلف مصنوعات پر مبنی سٹالز لگائے جائیں گے۔