صوبہ بھر میں گاجر کی کاشت کیلئے ستمبر کا دوسرا ہفتہ نہایت موزوں ہے، ترجمان محکمہ زراعت

carrot

فیصل آباد۔31اگست (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے کہا کہکاشتکار گاجر کی کاشت کیلئے گہری میرا اور اگیتی پیداوارکیلئے ریتلی میرا زمین کا انتخاب کریں جبکہ چکنی زمین میں گاجر کی کاشت سے اجتناب کیاجائے کیونکہ اس میں کئی جڑوں والی چھوٹی چھوٹی گاجریں بننے کا امکان ہو تاہے نیز پنجاب میں گاجر کی کاشت کیلئے ستمبر کا دوسرا ہفتہ نہایت موزوں ہے تاہم گاجر کی پچھیتی کاشت اکتوبر میں بھی جاری رکھی جاسکتی ہے۔

علاوہ ازیں گاجرکی درآمد شدہ اقسام نومبر اور دسمبر میں بھی کاشت کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گاجر سرد آب و ہوا کی فصل ہے لہٰذا بیج کے اگاؤ کیلئے 7 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ مثالی درجہ حرارت ہے۔اسی طرح 20 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ سے زیادہ پیداوار اور اچھی گاجر لینے کیلئے انتہائی مناسب ہے۔

انہوں نے کہاکہ بوائی سے پہلے اگر بیج 12گھنٹے پانی میں بھگو لیا جائے تو شرح اگاؤ میں اضافہ ممکن ہے جبکہ اچھی قسم کا صحت مند اور زیادہ روئیدگی والا بیج جو جڑی بوٹیوں سے پاک و صاف ہو استعمال کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ تجربات کی روشنی میں 6 سے 8 کلو گرام بیج ایک ایکڑ کیلئے کافی ہوتا ہے تاہم اگیتی فصل کی صورت میں شرح بیج کو12 سے 15کلو گرام فی ایکڑ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔