آرمی چیف کی تعیناتی ، عام انتخابات مقررہ وقت پر آئین کے مطابق ہوں گے، انجینئر امیر مقام کی پریس کانفرنس

84
آرمی چیف کی تعیناتی ، عام انتخابات مقررہ وقت پر آئین کے مطابق ہوں گے، انجینئر امیر مقام کی پریس کانفرنس

لاہور۔7نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی و عوامی امورامیر مقام نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی اور ملک میں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر آئین کے مطابق ہوں گے،عمران خان تمام تر اقدامات اقتدار کی ہوس میں اٹھا رہے ہیں،سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری رہے گا۔ وہ پیر کو یہاں ایوان اقبال میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

امیر مقام نے کہا کہ عمران خان جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں ،سائفر والی سازش بھی سامنے آ گئی ہے،ارشد شریف معاملے پر بغیر تحقیق کے قومی اداروں کے خلاف باتیں کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ حرم شریف میں لوگوں کو اکسا کر نعرے لگوائے لیکن انہیں معلوم نہیں کہ ان کی وجہ سے پاکستانیوں کو لاکھوں درہم جرمانے ہوئے اور جیلوں میں ڈالا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم محمد شہبازشریف سے سیکھنا چاہیے جنہوں نے دورہ سعودی عرب کے موقع پر جیلوں میں قید پاکستانیوں کو رہا کروایا۔

موجودہ حکومت کو ملکی حالات ورثہ میں ملے ہیں،وزیراعظم محمد شہبازشریف ازبکستان ، سعودی عرب، یو اے ای میں پاکستان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، ایک فرد کا نہیں۔ قوم کی بدقسمتی ہے کہ عمران خان کی غلطیوں کی سزا عوام کو مل رہی ہے ، عمران خان لوگوں کے پیچھے لگ کر ملک کو تباہ کررہے ہیں،لانگ مارچ سے عمران خان کیاحاصل کرنا چاہتے ہیں،عمران خان حسد کی عینک اتار دیں تو پھر پتہ چلے گاکہ کس طرح ملک کو ترقی دینی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد پر چڑھائی کیلئے نکل آئے ہیں جبکہ صوبہ کے پی کے ،پنجاب میں ان کی حکومت ہے، پی ٹٰی آئی لانگ مارچ میں معظم نامی شہری کی ہلاکت پر افسوس ہے،میرے اوپر بھی خود کش حملے کئے گئے لیکن برداشت کیا، سمجھ نہیں آتی کہ کس طرح عمران خان کے پائوں پر گولی لگی،اگر عمران خان کو گولی لگی تو قریب وزیر آباد ہسپتال جانا چاہئے تھا جبکہ پنجاب میں حکومت بھی ان کی اپنی ہے ،گولی لگنے کے بعد عمران خان کو کسی پر اعتبار نہیں تھا اور وہ سرکاری ہسپتال کے بجائے شوکت خانم ہسپتال چلے گئے۔

امیر مقام نے کہا کہ عمران خان مظلوم بن کر اور ہمدردیاں حاصل کرکے قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، میں عمران خان سے سوال کرتا ہوں کہ اگر ادارے آپ کی مخالفت کر تے تو ضمنی انتخابات میں آپ کس طرح جیت جاتے۔معاون خصوصی نے کہا کہ آپ لوگوں کو وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے گھر کے باہر احتجاج کرنے کا کہہ رہے ہیں تو آپ شیشے کے گھر میں نہیں رہتے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی اور ملک میں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر آئین کے مطابق ہوں گے،ہم پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے پاکستانی عوام کیلئے کون سی دودھ کی نہریں بہائیں کہ لوگ آپ کی حکومت کو یاد کریں،عمران خان دور حکومت میں کرپشن عام ہوگئی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال انتظار کریں پھر ہی الیکشن ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں امیر مقام نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ انہیں مسند اقتدار پر زبردستی بٹھایا جائے تو ان سے کیسے مذاکرات ہوسکتے ۔امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف اور اتحادی حکومت نے بہترین پالیسیوں سے ملک کو گرداب سے نکالا،اب عمران خان وزیر اعظم نہیں بنے گا ،غیر ملکی سازش کا بہانہ بنا کر عمران خان اپنی نالائقی سے حکومت سے نکلے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے خلاف آئین کوئی بھی کام کیا تو ایکشن لیاجائے گا، کسی صورت ملک میں بدامنی پیدا نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اداروں کو متنازع اور بدنام کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں اس پر خاموش نہیں رہنا چاہیے،حکومت کی کامیابیاں دیکھ کر عمران خان حسد کا شکار ہیں،مسلسل جھوٹ بول کر عوام کی ہمدری لینے کی کوشش کی جارہی ہے،ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے حکومت کی کوششیں جاری ہیں،عمران خان تمام تر اقدامات اقتدار کی ہوس میں اٹھا رہے ہیں،سیلاب سے تین کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے،سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری رہے گا۔