ریاض۔9مارچ (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیرسیاحت احمد الخطیب نےکہا ہے کہ ارجنٹائن کے فٹبال سٹار لیونل میسی رواں ماہ میں اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ سعودی عرب کا دور ہ کریں گے۔ وہ سعودی عرب میں مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کریں گے۔
سعودی وزیر سیاحت نے اپنے ٹویٹ پر کہا کہ میں ایک بار پھر سعودی سیاحت کے سفیر عالمی سٹار لیونل میسی کو اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ رواں ماہ سعودی عرب کے اپنے دوسرے دورے پر سب سے خوبصورت سعودی سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہونے کے لیے خوش آمدید کہتا ہوں۔
وہ اپنے اس سفر کے دوران ہمارے غیر معمولی تجربات اور ہمارے لوگوں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں گے۔سعودی وزیر سیاحت نے مئی 2022 میں ایک ٹویٹ میں نے انکشاف کیا تھا کہ سب سے زیادہ گولڈن بال کا ایوارڈ جیتنے والے میسی سعودی سیاحت کے سفیر بن گئے ہیں۔35 سالہ لیونل میسی نے گزشتہ برس سعودی عرب بالخصوص جدہ اور بحیرہ احمر کا دورہ کیا تھا۔
اس سے قبل بھی وہ کئی مواقع پر بطور کھلاڑی وہاں جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ لیونل میسی نے سعودی عرب کا آخری دورہ گزشتہ جنوری میں ریاض سیزن کی ٹیم کے خلاف پیرس سینٹ جرمین کے میچ کے دوران کیا تھا۔