مانسہرہ۔ 10 دسمبر (اے پی پی):فارن سروس آف پاکستان، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس پاکستان، ان لینڈ ریونیو سروس، پاکستان آڈٹ اور دیگر گروپس کے 36 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے 31 سینئر افسران پر مشتمل ایک وفد نے مانسہرہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایس پی سٹی ریشم جہانگیر نے مانسہرہ میں وفد کا شاندار استقبال کیا اور انہیں مانسہرہ میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ بعد ازاں تحفظ عامہ اور جرائم کی روک تھام کے حوالہ سے ایس پی سٹی مانسہرہ ریشم جہانگیر نے رات گئے پولیس چیکنگ کا جائزہ اور ناکہ بندیوں پر موجود اہلکاروں سے بات چیت کی اور انہیں سیکورٹی کے حوالہ سے خصوصی ہدایات بھی دیں۔ ایس پی ریشم جہانگیر نے سٹی ڈویژن میں پولیس ناکہ بندیوں، چیک پوسٹس اور دیگر مقامات کا دورہ کیا، اس کے ساتھ ساتھ پولیس کے گشت کے نظام کا بھی جائزہ لیا ۔ ایس پی سٹی مانسہرہ نے پولیس جوانوں کے پاس موجود ہتھیاروں کے ساتھ انہیں الرٹ ہونے اور بلٹ پروف جیکٹ و ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنانے کی تاکید کی۔