بیڈویئرز کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادو ں پر 18 فیصد کی کمی ریکارڈ

ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):بیڈویئرز کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادو ں پر 18 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات اور سٹیٹ بینک کی جانب سے ا س حوالے سے جاری کر دہ اعدادوشمار کےمطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں بیڈ ویئر کی برآمدات سے ملک کو 2.72 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بیڈ ویئر ز کی برآمدات کاحجم 2.250 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اپریل میں بیڈ ویئر ز کی برآمدات سے ملک کو 218 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سال اپریل کے مقابلہ میں 22 فیصد کم ہے۔

گزشتہ سال اپریل میں بیڈ ویئرز کی برآمدات سے ملک کو 279 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ مارچ کے مقابلہ میں اپریل میں بیڈ ویئرز کی برآمدات میں ماہانہ بنادوں پر 11 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ مارچ میں بیڈ ویئرز کی برآمدات کا حجم 197 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا جو اپریل میں بڑھ کر 218 ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 14.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔