نو مئی کے واقعات پاکستان کی تاریخ پر سیاہ داغ ،تمام جماعتیں سیاسی عدم استحکام ختم کرنے اور ملکی ترقی کیلئے کردار ادا کریں،سینیٹرشیری رحمان

نو مئی کے واقعات پاکستان کی تاریخ پر سیاہ داغ ،تمام جماعتیں سیاسی عدم استحکام ختم کرنے اور ملکی ترقی کیلئے کردار ادا کریں،سینیٹرشیری رحمان

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے9 مئی کے پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی تاریخ پر سیاہ داغ قرار دیا اور شہداء کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اتوار کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کی توہین کرنے والے بدترین سزا کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو قومی املاک اور دفاعی تنصیبات کی توڑ پھوڑ نے عمران نیازی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے اور حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہماری ترجیح ہے، کسی بھی ریاست اور فوج مخالف سرگرمیوں میں ملوث تمام فسادیوں اور مجرموں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے جنہوں نے آزمائش کی ہر گھڑی میں جذبہ حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہداء ہمارے حقیقی ہیرو اور عظیم اثاثہ ہیں جن کی قربانیوں کو قوم کو یاد رکھنا چاہیے اور ان کی قدر کرنی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر سیاسی عدم استحکام کو ختم کرنے اور ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔