37ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا،پاکستان نیوی،پولیس،پاکستان آرمی ،کسٹم،پنجاب ریڈ ،پنجاب بلیو اور کے پی اے کی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

80
37th National Hockey Championship
37th National Hockey Championship

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام 37ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا،پاکستان نیوی،پولیس،پاکستان آرمی ،کسٹم،پنجاب ریڈ ،پنجاب بلیواور کے پی اے کی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔کوارٹر فائنل (آج )2 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔جناح سپورٹس کمپلیکس کے نصیر بندہ ہاکی گرائونڈ پرچاروں پول کے آخری لیگ میچ کھیلے گئے۔پہلے میچ میں پنجاب وائٹس نے سندھ اے کو کوشکست دی۔دوسرے میچ میں کے پی اے نے فیڈرل ٹیریٹری کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔پنجاب ریڈ نے پاک بورڈ کو 16گول سے شکست دے کر پول میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

عدیل اور اظہر نے چار چارگول بناکر نمایاں سکورر رہے۔ چوتھے میچ میں پاکستان آرمی نے پنجاب یلیو کو 2 کے مقابلے میں 8گول سے شکست دی اور پول میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔پانچواں میچ پولیس اورکسٹم کی ٹیموں کے مابین کھیلاگیاجوکہ نہائت ہی شاندار رہا۔اس میچ کے مہمان خصوصی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سہولیات نویدالحسن تھے۔ان کے ہمراہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپئین رانامجاہد علی خان،سابق سیکرٹری آصف باجوہ،لیجنڈ شہباز سینئر،واپڈاویمن ٹیم کےسابق کوچ دلاور بھٹی،ڈائریکٹرٹورنامنٹ انجم سعید،قومی ہاکی ٹیم کے کوچ طاہر زمان،ایف آئی ایچ ایمپائر منیجرراشد محمود بٹ سمیت دیگر آفیشلزکھلاڑی اور شائقین کھیل موجود تھے۔

دونوں ٹیموں نےکھیل کا آغاز برق رفتاری سےکیاتاہم کسٹم کی ٹیم دوسرے کوارٹر میں پولیس کی ٹیم پر حاوی ہونے میں کامیاب ہوگئی۔ یوں کسٹم کی ٹیم پولیس کی ٹیم کو چار صفر سے شکست دے کر پول میں نمبر ون ہوگئی۔سمیع،حمزہ فیاض،عماد اور حمزہ نے ایک ایک گول کیا۔ چیمپئن شپ کےکوارٹر فائنل میں (آج ) 2اکتوبرکو پہلا مقابلہ واپڈا اور نیوی،دوسرا مقابلہ آرمی اورپولیس،تیسرامقابلہ پنجاب ریڈ اورپنجاب بلیو،تیسرا مقابلہ کے پی اے اور کسٹم کے مابین ہوگا۔

اس میچ کے مہمان خصوصی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیر زادہ ہوں گے۔یاد رہے کہ چیمپئن شپ میں ڈیپارٹمنٹ کی پانچ،صوبہ پنجاب کی چار،سندھ اور کے پی کی دو،پاکستان بورڈبلوچستان کی ایک اورایک ٹیم فیڈرل ٹیریٹری کی ٹیمیں شامل تھیں۔3اکتوبر کو آرام کا دن ہے۔چیمپئن شپ کے سیمی فائنل 4 اکتوبر اور فائنل 5اکتوبرکو کھیلاجائےگا۔