تنزانیہ میں شدید بارشوں ،سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے 47 اموات ، 85 افراد زخمی

113
تنزانیہ

ڈوڈوما۔4دسمبر (اے پی پی):تنزانیہ کے شمالی حصوں میں شدید بارشوں ،سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 47 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہو گئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ ضلعی کمشنر جینتھ مایانجا کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت ڈوڈوما سے تقریباً 300 کلومیٹر شمال میں واقع شہر کاٹیش سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

تنزانیہ کے شمالی علاقے مانیارا میں علاقائی کمشنر ملکہ سینڈیگا سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے 47 اموات اور 85 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم خبردار کیا کہ اموات میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے کی بہت سی سڑکیں کیچڑ، پانی اور اکھڑے ہوئے درختوں اور پتھروں نے بند کر دی ہیں۔

سرکاری ٹیلی ویژن ٹی بی سی پر نشر ہونے والی تصاویر میں کئی سیلاب زدہ مکانات اور گاڑیاں کیچڑ میں پھنسی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔ مشرقی افریقہ غیر معمولی خشک سالی کا سامنا کرنے کے بعدایل نینو موسمی رجحان کے نتیجہ میں کئی ہفتوں سے طوفانی بارشوں اور سیلاب کی زد میں ہے ۔