اولمپک کوالیفائر ایونٹ میں سیمی فائنل میچ میں جرمنی نے پاکستان کو چار گول سے شکست دیدی
کراچی۔ 21 جنوری (اے پی پی):اولمپک کوالیفائر ایونٹ میں سیمی فائنل میچ میں جرمنی نے پاکستان کو چار گول سے شکست دیدی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن سے اتوار کو یہاں جاری تفصیلات کے مطابق عمان کے شہر مسقط میں جاری اولمپک کوالیفائر ایونٹ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا ۔ جرمنی اور انگلینڈ کی ٹیمیں فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں ۔
پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے پاکستان کو یکطرفہ چار گول اسکور کرکے ایونٹ کے فائنل میں قدم رکھ دیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کو میچ میں ایک پینلٹی کارنر ملا جس سے فائدہ نہ اٹھایا جاسکا جبکہ جرمن ٹیم نے چار پینلٹی کارنرز حاصل کئے جس پر 50فیصد تناسب کے ساتھ دو گول اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔ جرمن ٹیم کی جانب سے دو فیلڈ گول بھی اسکور کئے گئے۔
جرمنی کی جانب سے نکلس نے دو گول جبکہ جسٹس اور ٹام نے ایک ایک گول اسکور کیا۔دوسرے سیمی فائنل میں برطانیہ نے نیوزی لینڈ کو ایک سنسنی خیز میچ میں 1-3 گول سے شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔