اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):45 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے 13 رکنی وفد نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے سینئر افسران نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔سیکرٹر ی سینیٹ سید حسنین حیدر نے وفد کو ایوان بالا کے آئینی کردار، اختیارات، طریقہ کار، انتظامی ڈھانچے اور فرائض کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ وفاق کی اکائیوں کی مساوی …
45ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ
اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):45 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے 13 رکنی وفد نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے سینئر افسران نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔سیکرٹر ی سینیٹ سید حسنین حیدر نے وفد کو ایوان بالا کے آئینی کردار، اختیارات، طریقہ کار، انتظامی ڈھانچے اور فرائض کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ وفاق کی اکائیوں کی مساوی نمائندگی کا ضامن ہے اور قومی یکجہتی کے فروغ کے ساتھ ساتھ بالخصوص چھوٹے صوبوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
سیکرٹری سینیٹ نے وفد کو آگاہ کیا کہ سینیٹ کا پہلا اجلاس 6 اگست 1973ء کو منعقد ہوا جس میں 45 اراکین سینیٹ تھے، اور اس ایوان کا قیام تمام صوبوں کی مساوی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے وفد کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے کردار اور کارکردگی، پارلیمانی نگرانی کے نظام، پارلیمانی سفارت کاری، سینیٹ کی میزبانی میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنسز اور اراکین سینیٹ کے دوطرفہ بیرونی دوروں کے حوالے سے بھی وفد کو تفصیل سے آگاہ کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سینیٹ قانون سازی، نگرانی، احتساب اور عوامی نمائندگی جیسے اہم فرائض سرانجام دیتا ہے اور قومی پالیسی سازی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے ملک میں جمہوری نظام کو مضبوط بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے ایوانِ بالا کے تاریخی ارتقاء پر بھی روشنی ڈالی۔ بریفنگ کے دوران وفد کے اراکین نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور سوال و جواب کے ایک بھرپور سیشن میں حصہ لیا، جس کے دوران سیکریٹری سینیٹ نے شرکاء کے تمام سوالات کے جامع اور تسلی بخش جوابات دیے۔
بعد ازاں وفد کو سینیٹ میوزیم کا رہنمائی کے ساتھ دورہ کرایا گیا، جہاں انہیں پاکستان کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے مختلف مراحل اور سینیٹ کے آئینی کردار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ایوانِ بالا کی تاریخ پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ وفد نے میوزیم میں آویزاں ممتاز قومی شخصیات کے مجسموں اور تاریخی تصاویر میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔اس کے بعد وفد نے سینیٹ ہال کا دورہ کیا، جہاں انہیں پارلیمانی روایات، طریقہ کار اور قانون سازی کے اہم مراحل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وفد کو گلیِ دستور بھی دکھائی گئی، جہاں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ اور جمہوری ارتقاء کے بارے میں مزید آگاہی فراہم کی گئی۔ دورے کے اختتام پر وفد کے اراکین نے جمہوری اقدار کے فروغ، ادارہ جاتی شفافیت اور پارلیمانی نظام کو مضبوط بنانے میں سینیٹ سیکرٹریٹ کے مؤثر کردار کو سراہا۔ شرکاء نے اس دورے کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے فراہم کی گئی رہنمائی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔









