وفاقی حکومت صنعتکاروں کے مسائل ومشکلات کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی
پشاور۔ 06 جون (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ صنعتکار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ا نڈسٹریز کی ترقی ملکی معیشت کی ترقی ہے، صنعت و انڈسٹری سے ملکی معیشت کا پہیہ چلتا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سرحد چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے ایک نمائندہ وفد سے گورنرہاوس پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں چیمبرکے صدر فواداسحاق، غضنفربلور، ثناء اللہ،اعجاز آفریدی اوردیگرشامل تھے۔
وفد کے شرکاء نے گورنر کوبجلی اور گیس کے قیمتوں میں اضافہ، بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ سمیت صنعتوں درپیش دیگر مسائل ومشکلات سے تفصیلی آگاہ کیااور ان صوبے میں انڈسٹری کے فروغ کیلئے گورنر کو تجاویز بھی دیں۔ انہوں نے اس امید کابھی اظہارکیا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی وفاق کے نمائندہ کی حیثیت سے صوبے کے صنعتکاروں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل سے وفاق کونہ صرف آگاہ کریں گے بلکہ ان کے حل کیلئے اپناآئینی کردار بھی ادا کریں گے۔
وفد کے شرکاء نے گورنر کو سرحد چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جس پر گورنرنے بہت جلد دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ گورنرنے وفد کے شرکاء کومسائل ومشکلات کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون یقین دلاتے ہوئے کہاکہ بزنس کمیونٹی نے ملکی معیشت کے استحکام میں ہمیشہ قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔وفاقی حکومت صنعتکاروں کے مسائل ومشکلات کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے کیونکہ ان کی صنعتوں کے باعث نہ صرف ملازمت کے کثیر مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔
انہو ں نے کہاکہ صوبے کی مجموعی مسائل ومشکلات کے حل کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں، بزنس کمیونٹی اور صنعتکاروں کی مشاورت سے اقدامات اٹھائے جائیں گے اورصوبے کی صنعتکاروں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل بھی وفاقی حکومت کے سامنے رکھنے کایقین دلایا۔