فیصل آباد ۔ 10 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد میں عید میلاد النبی ؐکے شایان شان انعقاد کیلئے مختلف محکموں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔عید میلاد النبی ؐکے انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی زیر صدارت منگل کو اہم اجلاس منعقد ہواجس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر ظفر اقبال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شہاب اسلم و دیگر افسران نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں 12 ربیع الاول کے جلوسوں اور تقریبات کے حوالے سے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ڈپٹی کمشنر نے افسران کو تمام تر انتظامات قبل از وقت مکمل کرنے کی ذمے داریاں سونپیں۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن کو جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورک،مین ہول کور،لٹکی تاروں،سٹریٹ لائٹس،عارضی لائٹس اور تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔ایف ڈبلیوایم سی صفائی ستھرائی اور واسا پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے انتظامات کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ تمام جلوس روٹس کا خود وزٹ کریں گے جبکہ ان کی میلاد کمیٹی کے ممبران سے ملاقات بھی ہو چکی جس میں ممبران کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
انہوں نے کہاکہ ماہ ربیع الاول میں میلاد النبی ؐ اور دیگر تقریبات کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے نیز اس دوران سول ڈیفنس کے اہلکار پولیس کے ساتھ مل کر اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ، امن کمیٹی اور علمائے کرام اپنا فعال کردار ادا کریں۔