95

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے منظم افغان گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کرکے 35ملین روپے سے زائد مالیت کےمسروقہ سامان سمیت جرائم میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا ۔ ہفتہ کوریسکیو 15 کے فیلڈ آفس میں پریس کانفرنس میں واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سید علی رضا نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان آبپارہ کے علاقے میں ایک رہائش گاہ میں گھس کر گن پوائنٹ پر طلائی زیورات، نقدی، گھڑیاں، مصنوعی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔ ایس ایس پی آپریشنز/انوسٹی گیشن محمد ارسلان شاہ زیب کی سربراہی میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی جس نے تکنیکی وسائل اور انسانی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت سلام خان اور فیصل خان کے نام سے ہوئی ،گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1,117 گرام سونا، مصنوعی زیورات

گھڑیاں اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد ہوئیں جن کی مالیت 35 ملین روپے سے زائد ہے۔ڈکیتی کے دوران استعمال ہونے والا اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔ ملزمان سلام خان عرف رضوان اور فیصل خان کی شناخت سوہان کے رہائشی افغان شہریوں کے طور پر ہوئی ہے۔ ایک ساتھی فرار ہے اور اس کی گرفتاری کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ڈی آئی جی سید علی رضا نے پولیس ٹیم کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں پر نقد انعامات کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس قتل سمیت سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرگرم عمل ہے،دارالحکومت میں جرائم کی شرح کو کم کرنے کی کوششوں سے مجرمانہ سرگرمیوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ڈی آئی جی سید علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد میں اسٹریٹ کرائم اور سنگین جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔