6ستمبریوم دفاع پاکستان کی قومی جرات و بہادری کا لازوال استعارہ کی حیثیت رکھتا ہے،افواج پاکستان کا شمار دنیا کی بہادر،جرات مند اور مضبوط ترین افواج میں ہوتا ہے ، چیئرمین سینیٹ

119

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 6ستمبریوم دفاع پاکستان کی قومی جرات و بہادری کا لازوال استعارہ کی حیثیت رکھتا ہے،افواج پاکستان کا شمار دنیا کی بہادر،جرات مند اور مضبوط ترین افواج میں ہوتا ہے جو نہ صرف اپنے ملک بلکہ اقوام عالم کے امن مشن اور انسانیت کی بھلائی و حفاظت کیلئے متعدد بار اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 6ستمبریوم دفاع پاکستان کی قومی جرات و بہادری کا لازوال استعارہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ دشمن ملک کی افواج نے 6 ستمبر کو بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے آدھی رات کو مملکت پاکستان پر حملہ کر دیا تھا۔افواج پاکستان اور بہادر عوام نے ملک کے تحفظ و سلامتی اور آزادی کے لئے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر بھارتی افواج کے سامنے جرات و بہادری کی وہ مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ دشمن ملک کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیئے۔ افواج پاکستان کا شمار دنیا کی بہادر،جرات مند اور مضبوط ترین افواج میں ہوتا ہے جو نہ صرف اپنے ملک بلکہ اقوام عالم کے امن مشن اور انسانیت کی بھلائی و حفاظت کیلئے متعدد بار اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس ملک کے دفاع کو نا قابل تسخیر بنانے کےلئے مخالفت کے با وجود شہید ذولفقار علی بھٹو نے پاکستان کو نیو کلیئر پاور بنانے کی بنیاد رکھی ۔آج شہید ذولفقار علی بھٹو کی وجہ سے دنیا کی کوئی طاقت بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی ۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان نے اپنے دفاعی قوت کو مزید بہتر بنایا ہے تاکہ دشمن کو بھرپور جواب دیاجا سکے۔ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے حوالے سے شہید قائدعوام کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں افواج پاکستان اور عوام نے بیشمار جانی و مالی قربانیاں دیں ہیں ،ہم سب کو اپنی افواج پر فخر ہے جس نے دہشت گردی کی لعنت کو نیست و نابود کیااور دہشت گردوں کے خلاف متعدد آپریشن شروع کر کے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی۔ ملک کے امن اور سلامتی کیلئے نوجوان سپوتوں نے اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کیا جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ آج کے دن  اپنے شہدا کو بھر پور خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ یوم دفاع پاکستان کا منایا جانا دراصل دشمن قوتوں کیلئے اس پیغام کا اعادہ ہے کہ افواج پاکستان اور قوم نے1965 اور 1971 کی جنگ اور ملک میں دہشت گردی کے خلاف جس عزم اور جرات کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے اور یہ کہ آئندہ بھی اپنے مادرِوطن کی حفاظت کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی،ہم سب مل کر قومی مسائل اور درپیش چیلینجوں کا مقابلہ بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کے رہنما اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم پر کاربند رہ کر سر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا آئیے مل کر محنت اور لگن سے ملک کی ترقی وخوشحالی میں اپنا اپنا کردار اداکریں،ایک دفعہ پھر ہم اپنی افواج کے سپوتوں کو ان کی قربانیوں اور جرات و بہادری پر سلام پیش کرتے ہیں۔