لاہور۔6ستمبر (اے پی پی):پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین، صدر عبدالعلیم خان اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یوم دفاع و شہدا پر کہا ہے کہ 6ستمبر 1965 کا دن ہماری تاریخ کا ایک لازوال باب ہے۔ بدھ کو اپنے الگ الگ جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس دن پوری قوم دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہوئی۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ 6ستمبر کو پاکستان کی افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے، افواج پاکستان نے ہمیشہ اپنے لہو سے وطن عزیز کی آزادی اور سلامتی کا تحفظ اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا، جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر کا دن پاک فوج کی کامیابیوں اور لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، میجر عزیز بھٹی شہید نے جام شہادت نوش کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، 1965کے معرکے کے تمام شہدا آج بھی سب کے دلوں میں زندہ ہیں، بھارت کو ناکوں چنے چبوا کر شیر جوان تاریخ میں ہمیشہ کے لئے امر ہو گئے۔
آئی پی پی کے قائدین کا کہنا تھا کہ 6ستمبر کو رات کی تاریکی میں نقب لگانے والے بزدل دشمن کے دانت کھٹے ہوئے، مشکل کی ہر گھڑی میں ہر شہری اپنی فوج کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی افواج پاکستان کی مکمل تائید و حمایت پر یقین رکھتی ہے، یوم دفاع ارض پاک کے تحفظ پر کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا دن ہے۔