وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج، شہیدوں اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا یادگار دن ہے جب پوری قوم نے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر وطن کے دفاع اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔
6 ستمبر تاریخ کا یادگار دن ، قوم نے مسلح افواج کے شانہ بشانہ وطن کے دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا،وفاقی وزیر قانون

مزید خبریں
اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج، شہیدوں اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا یادگار دن ہے جب پوری قوم نے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر وطن کے دفاع اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔وزارتِ قانون و انصاف سے جاری خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 1965کی جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے افسران اور جوانوں نے غیر معمولی شجاعت، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کیا، شہدا کی عظیم قربانیاں اور غازیوں کی بہادری ہماری قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو پوری قوم عقیدت و احترام سے یاد کرتی ہے، شہدا کے خاندانوں کی قربانیوں، حوصلے اور استقامت کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج بھی پاکستان کی مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں، موجودہ عسکری قیادت اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور ملکی دفاع کے لیے خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے بات چیت اور سفارتی ذرائع پر یقین رکھتا ہے، تاہم ملکی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ پر پوری قوم متحد اور پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی، جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی اور مضبوط ادارے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کی بنیاد ہیں، شہدا کی قربانیوں سے رہنمائی لیتے ہوئے ہمیں مضبوط، خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے شہدا کے درجات کی بلندی، غازیوں کی سلامتی اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔








