6 ستمبر قومی تاریخ کا یادگار دن ہے جب پوری قوم نے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اتحاد، عزم اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی، بلال خان کاکڑ و قائم لاشاری
6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ یادگار دن ہے جب پوری قوم نے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اتحاد، عزم اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی، بلال خان کاکڑ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 05 ستمبر (اے پی پی):: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑاور چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم لاشاری نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ یادگار دن ہے جب پوری قوم نے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اتحاد، عزم اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے اپنے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں وطن عزیز کے دفاع کیلئے اور دہشتگردی کیخلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کی بدولت بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہو رہا ہے۔ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وائس چیئرمین اور سی ای او نے کہا کہ آج پاکستان کو مضبوط دفاع کے ساتھ ساتھ مضبوط معیشت، سرمایہ کاری، تجارت اور روزگار کے فروغ کی بھی ضرورت ہے۔ معاشی استحکام اور ترقی ہی ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اپنی وسیع معدنی، ساحلی، زرعی اور دیگر قدرتی وسائل کی بدولت ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جبکہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔







