معروف شاعر عباس تابش کے اعزاز میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام تقریب کا انعقاد، زہرا نگاہ کی صدارت
آرٹس کونسل کے زیر اہتمام معروف شاعر عباس تابش کے اعزاز میں تقریب

مزید خبریں
کراچی۔ 05 ستمبر (اے پی پی):آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام معروف شاعر عباس تابش کے اعزاز میں حسینہ معین ہال میں تقریبِ منعقد کی گئی، جس کی صدارت معروف شاعرہ زہرا نگاہ نے کی جبکہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے خصوصی شرکت کی۔
جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں پروفیسر سحر انصاری، فریحہ نقوی، وجہہ ثانی، احمد سلمان، معروف شعرا، ادیبوں اور دیگر ادبی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زہرا نگاہ نے کہا کہ جب کوئی اچھا شاعر اپنی غزل یا نظم پیش کرتا ہے تو مشاعرہ دوبارہ زندہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے عباس تابش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کلام سے پورے مشاعرے کو اپنے کندھوں پر اٹھا لیا۔ انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی شاعر کا ایک شعر ہی اس کا تعارف بن جاتا ہے، کیونکہ اچھا شعر کبھی مرتا نہیں۔اس موقع پر عباس تابش نے کہا کہ بزرگ ادبی شخصیات کی محبت، شفقت اور رہنمائی ان کیلئے سرمایہ ہے، بڑوں کا احترام ہی ہمیں بڑا بناتا ہے، اس کا کوئی متبادل نہیں۔ انہوں نے نئی نسل پر زور دیا کہ وہ کلاسیکی ادب اور بزرگ شعرا ء کی روایت سے جڑے کیونکہ ادب کی ترقی اپنی بنیادوں اور روایات سے وابستہ رہنے سے ہی ممکن ہے۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ زہرا نگاہ اور عباس تابش کی موجودگی نے اس شام کو یادگار بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل میں اردو، سندھی اور دیگر زبانوں کے ادب کے پروگرام مسلسل جاری ہیں اور بزرگ اہلِ ادب کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا سلسلہ بھی برقرار ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 15ستمبر کو احمد سلمان کے ساتھ ایک تقریب منعقد کی جائے گی۔







