یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تصویری نمائش کا انعقاد
پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے زیر اہتمام شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے تصویری نمائش کا انعقاد

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 05 ستمبر (اے پی پی):یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے زیر اہتمام شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
نمائش میں شہدائے وطن کی تصاویر اور ان کی لازوال قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔تصویری نمائش میں سماجی و ثقافتی شخصیات شعبہ موسیقی سے وابستہ فنکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے وطن عزیز کے لئے عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد ڈویژن عمران رضا نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے پاکستان ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں پوری قوم کے لئے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے اور نئی نسل کو وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور جذبہ ایثار کا پیغام دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد قومی و ثقافتی دنوں کے حوالے سے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھے گی تاکہ فنونِ لطیفہ کے ذریعے قومی شعور، حب الوطنی اور ملکی تاریخ سے وابستگی کو فروغ دیا جا سکے۔شرکاء نے تصویری نمائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہدائے وطن کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔








