پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والے پاک افواج کے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، سید عمران احمد شاہ
6ستمبر1965ء کوقوم کا اتحاد اور افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی ہماری قومی قوت کی روشن مثال ہے،وفاقی وزیر سید عمران احمدشاہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والے پاک افواج کے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کیا ہے۔۔
ہفتہ کویومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم اور قابلِ فخر دن ہے، جو ہمیں اس عزم اور حوصلے کی یاد دلاتا ہے جس کے ساتھ پاکستان نے اپنی خودمختاری کا دفاع کیا۔ 1965ء کے مشکل وقت میں قوم کا اتحاد اور افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی ہماری قومی قوت کی روشن مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں۔ ان کی بے مثال جرأت اور وطن سے وفاداری آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ شہداء کے اہلِ خانہ پوری قوم کی عزت، محبت اور توجہ کے مستحق ہیں۔معرکہ حق کا ذکر کرتے ہوئے سید عمران احمد شاہ نے ملکی دفاع کے لیے پاک افواج کی جرأت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف ڈیفنس فورسز کی قیادت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ملکی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت پاک افواج اور عوام کے باہمی تعاون اور اعتماد میں ہے۔ قومی مشکلات کے دوران نظر آنے والا یہ اتحاد ہمیں آئندہ بھی امن، استحکام اور ترقی کی جانب لے جانے کا ذریعہ بننا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومی اتحاد، نظم و ضبط اور یکجہتی ہی ہماری اصل طاقت ہیں۔ شہداء کو خراجِ عقیدت کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ان مقاصد سے وفادار رہیں جن کے لیے انہوں نے اپنی جانیں قربان کیں اور ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن اور سلامتی عطا فرمائے، پاک افواج کے اہلکاروں کی حفاظت فرمائے اور شہداء کے اہلِ خانہ کو صبر و حوصلہ عطا کرے۔ آمین۔







