چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ، فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ، سکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ لی

مزید خبریں
راولپنڈی۔5ستمبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر( نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات )نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی
۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان میں موجودہ سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے معاونت سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک فوج کے جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا۔انہوں نے امن کے استحکام اور پائیدار معاشی سرگرمیوں و ترقی کے لیے سازگار ماحول یقینی بنانے کی غرض سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن،خوشحالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے۔انہوں نے کہا کہ مستحکم اورمحفوظ ماحول ترقیاتی اقدامات، معاشی مواقع اور صوبے کے عوام کے بہتر مستقبل کی راہ ہموار کرتا رہے گا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےشہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اورافسران و جوانوں کی فرائض کی ادائیگی میں ثابت قدمی اور لگن کو سراہا۔کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔







