65

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور سعودی سفیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

ملاقات میں دو طرفہ تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق ایک عظیم بھائی چارے اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے۔ وزیر ریلوے نے سعودی عرب کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، مذہبی اور اقتصادی تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں،سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مزدوروں کی ریمیٹنس پاکستان کی معیشت کا اہم حصہ ہے،ہر سال لاکھوں پاکستانی حج و عمرہ کی ادائیگی کے ذریعے دونوں ممالک کے قریبی روابط کی علامت ہیں۔وزیر ریلوے نے ریلوے سیکٹر میں تعاون، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات بڑھانے پر زور دیا۔اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا کلیدی شراکت دار ہے، تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا ضروری ہے۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔وزیر ریلوے نے سعودی سفیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔سعودی سفیر نے پاکستان کی ترقی اور دوطرفہ تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ہر شعبے میں قریبی تعاون چاہتا ہے۔