رکن گلگت بلتستان اسمبلی حاجی انور علی نے انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان، ڈاکٹر اکبر ناصر خان (پی ایس پی) سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

استور۔30 جون (اے پی پی):رکن گلگت بلتستان اسمبلی حاجی انور علی نے انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان، ڈاکٹر اکبر ناصر خان (پی ایس پی) سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران حاجی انور علی نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے گئے مؤثر سیکیورٹی انتظامات پر آئی جی پولیس اور گلگت بلتستان پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام جیسے حساس موقع پر پولیس فورس نے انتہائی ذمہ داری، مستعدی اور جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دیے، جس کے باعث مجالس اور جلوس پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔ انہوں نے پولیس افسران اور جوانوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام میں پولیس کا کردار قابلِ قدر ہے۔

اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان، ڈاکٹر اکبر ناصر خان (پی ایس پی) نے حاجی انور علی کو حالیہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب عوامی نمائندے عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے گلگت بلتستان میں امن و امان کی مزید بہتری، عوامی مسائل کے بروقت حل، پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں مربوط اقدامات کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

 

مزید خبریں