مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا خاموش تماشائی بنے رہنا انتہائی افسوسناک ہے، سردار مسعود خان

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے جہاں پر قتل و غارت گری، ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں لیکن اس کے باوجود عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی جانب سے خاموش تماشائی بنے رہنا انتہائی افسوسناک ہے۔ ان …

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے جہاں پر قتل و غارت گری، ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں لیکن اس کے باوجود عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی جانب سے خاموش تماشائی بنے رہنا انتہائی افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ گذشتہ کئی دنوں سے بھارتی قابض افواج نے نام نہاد سکیورٹی و سرچ آپریشن کے نام پر معصوم و نہتے کشمیریوں کو دن دیہاڑے شہید کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غلط بیانی کرتے ہوئے عالمی برادری کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ کشمیر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کے تحت کارروائی کر رہا ہے جبکہ حقیقی صورتحال اس کے برعکس ہے ، بھارتی قابض افواج معصو م و غیر مسلح کشمیریوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں سر عام قتل کر رہی ہیں۔