صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی جانب سے اقوام متحدہ کمیشن کی رپورٹ خوش آئند قرار

اسلام آباد ۔ 20 جون (اے پی پی)صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی طرف سے جاری کردہ اس رپورٹ کو خوش آئند قرار دیا ہے جس میں اقوام متحدہ نے پہلی بار مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور پامالیوں کا ذکر کیا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی …

اسلام آباد ۔ 20 جون (اے پی پی)صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی طرف سے جاری کردہ اس رپورٹ کو خوش آئند قرار دیا ہے جس میں اقوام متحدہ نے پہلی بار مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور پامالیوں کا ذکر کیا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کے جانب سے اس تجویز کو بھی سراہا کہ ایک انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے جو مقبوضہ کشمیر میں ان خلاف ورزیوں کی چھان بین کرے۔ بدھ کو جاری بیان میں صدر مسعود خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر سے جاری کردہ رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا تفصیلاً ذکر ہے بالخصوص 8 جولائی 2016ءکو برہان وانی کی شہادت کے بعد بے تحاشا طاقت کے استعمال، ہلاکتوں، پیلٹ گن کا استعمال اور اس کے نتیجہ میں کشمیری نوجوانوں کو بینائی سے محروم کرنا، غیر قانونی طور پر گرفتاریوں، نظر بندیوں، جنسی تشدد اور گمشدگیوں کا تذکرہ اور تفصیلاً کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ یہ فہرست بہت مفصّل تو نہیں لیکن یہ ایک شروعات ضرور ہے۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ قبل ازیں ہندوستان نے اقوام متحدہ کے جانب سے مقبوضہ کشمیری میں فیکٹ فائنڈنگ مشن کی تعیناتی کو مسترد کر دیا تھا۔