صدر آزاد جموں وکشمیر کی نگران وزیر برائے خارجہ ، دفاع اور دفاعی پیداوار عبد اللہ حسین ہارون سے ملاقات پاکستان مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ، نگران وزیر خارجہ

اسلام آباد ۔ 29 جون (اے پی پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے نگران وزیر برائے خارجہ ، دفاع اور دفاعی پیداوار عبد اللہ حسین ہارون سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ صدر مسعود خان نے انہیں وفاقی کابینہ میں نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ بعد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی ملاقات میں شامل ہو گئیں۔ ملاقات کے دوران صدر آزادجموں وکشمیر نے …

اسلام آباد ۔ 29 جون (اے پی پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے نگران وزیر برائے خارجہ ، دفاع اور دفاعی پیداوار عبد اللہ حسین ہارون سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ صدر مسعود خان نے انہیں وفاقی کابینہ میں نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ بعد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی ملاقات میں شامل ہو گئیں۔ ملاقات کے دوران صدر آزادجموں وکشمیر نے وزیر خارجہ کو کشمیر کی موجودہ صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی قتل عام جاری ہے ۔ ہندوستانی افواج انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں وہاں آئے روز گرفتاریاں کی جارہی ہیں ۔ صدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حال ہی میں نافذ کئے جانے والے گورنر راج سے وہاں ظلم و استبداد میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کے دفتر کی طرف سے جاری رپورٹ میں واضح طور پر مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ انہوں نے ہائی کمشنر کی طرف سے اس تجویز کا بھی خیر مقدم کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صحیح صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیشن کی تشکیل کی جائے جو وہاں جا کر حقائق جان سکے۔ وزیر خارجہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ جب تک کہ وہاں کہ لوگوں کو حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔ صدر مسعود خان نے اس موقع پر کہا کہ ہائی کمیشن کی رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں اجتماعی قبروں ، جبری گمشدگیوں ، جنسی تشدد اور پیلٹ گن کے ذریعے کشمیری نوجوانوں کو بینائی سے محروم کرنے کے بارے میں بھی سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔