وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کے زیراہتمام تیز تر معاشی ترقی کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر سیمینار کا انعقاد

109

اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی)وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات میں تیز تر معاشی ترقی کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا اہتمام وزارت منصوبہ بندی کے میکرو اکنامک شعبے کی جانب سے کیا گیا تھا۔ سیمینار سے جوائنٹ چیف اکانومسٹ رائے ناصر علی خان، پاکستان بزنس کونسل کیے ریزیڈنٹ ڈائریکٹر سرود بنگش، معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر عبور غیور نے خطاب کیا۔ وفاقی سیکریٹری منصوبہ بندی کے زیر صدارت ہونے والے اس سیمینار کے مہمان خصوصی اسٹیٹ بنک کے سابق سربراہ اور معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر عشرت حسین تھے۔ ڈاکٹر عشرت حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے جہاں صنعتی فروغ اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چھوٹے پیمانے پر موجود صنعتوں کی ترقی کی طرف توجہ دینے کے ساتھ ساتھ انہیں جدید بنانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں مزدوروں کی مہارت اور صلاحیتوں میں بہتری لانے کے لئے جدید ذرائع اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔