صدر مملکت ممنون حسین کا ایوان صدر میں اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے خطاب

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حالیہ عام انتخابات میں عمومی نشستوں پر اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کی کامیابی ایک مثبت پیغام ہے، اب یہ منفی پروپیگنڈہ بند ہو جانا چاہیے کہ پاکستان میں اقلیتی برادریوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میّسرنہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے جمعہ کو ایوان صدر میں اقلیتی برادریوں سے …

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حالیہ عام انتخابات میں عمومی نشستوں پر اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کی کامیابی ایک مثبت پیغام ہے، اب یہ منفی پروپیگنڈہ بند ہو جانا چاہیے کہ پاکستان میں اقلیتی برادریوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میّسرنہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے جمعہ کو ایوان صدر میں اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی محمدیوسف شیخ نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزرا، ارکانِ پارلیمان، سفارت کاروں ،علمائے کرام ، بشپ صاحبان، پنڈت صاحبان اور اقلیتی برادری کو لوگوں نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ حالیہ عام انتخابات وطنِ عزیزمیں مذہبی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس مرتبہ اکثریتی آبادی سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادریوں کے نمائندوں نے بھی جنرل نشستوں پر انتخابات میں حصہ لیا اورکامیابی حاصل کی جس کے قومی زندگی پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی کے سلسلے میں یہ پیشرفت ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت اختیار کر جائے گی۔