بھارتی سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھوکا رمیز راجہ، سینیٹر فیصل جاوید اور دیگر کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) بھارتی سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں بھارت کی جانب جو دو قدم بڑھانے کی بات کی تھی، یہ بیان اپنے اندر بہت کچھ سما گیا، تمام مسائل کا حل بات چیت میں ہے، لال سمندر میں کوئی تیرنا نہیں چاہتا، دونوں پنجاب اپنے بارڈر کھول دیں تو چھ ماہ میں ساٹھ …

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) بھارتی سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں بھارت کی جانب جو دو قدم بڑھانے کی بات کی تھی، یہ بیان اپنے اندر بہت کچھ سما گیا، تمام مسائل کا حل بات چیت میں ہے، لال سمندر میں کوئی تیرنا نہیں چاہتا، دونوں پنجاب اپنے بارڈر کھول دیں تو چھ ماہ میں ساٹھ سال کے برابر ترقی ہو سکتی ہے، پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کی حلف برداری کے دوران مجھے بتایا کہ وہ بابا گرونانک کے 550 ویں جنم کے موقع پر کرتار پورہ کا راستہ کھولنے پر غور کر رہے ہیں، ہمیں بغیر کہے اور مانگے ہی اتنا کچھ مل گیا، جو محبت لے کر آئے تھے اس سے سو گنا زیادہ محبت لے کر جا رہا ہوں۔ ہفتہ کو سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری حمید پوٹھی کے گھر رمیز راجہ، سینیٹر فیصل جاوید اور دیگر کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ وہ جو محبت لے کر آئے تھے اس سے سو گنا زیادہ محبت لے کر جا رہا ہوں، پنجاب دریاﺅں کی سرزمین ہے، دو اِدھر اور دو اُدھر ہیں، راوی اِدھر بھی ہے اُدھر بھی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر گزشتہ رات اپنی لکھی ہوئی پنجابی میں پانچ دریاﺅں کے حوالے سے نظم بھی پڑھ کر سنائی۔