توہین آمیز خاکوں کے مقابلوں کے اعلان پر ہالینڈ کے ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی،شدید احتجاج

توہین آمیز خاکوں کے مقابلوں کے اعلان پر ہالینڈ کے ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی،شدید احتجاج،وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اس مکروہ اور قابل مذمت سازش کی مذمت،ہالینڈ کی حکومت اور او آئی سی کے رکن ممالک کے سفیروں کے ساتھ اس مسئلہ کو بھرپور طور پر اٹھائیں،ہیگ میں پاکستانی سفیر کو ہدایت اسلام آباد ۔ 20 اگست (اے پی پی) پاکستان نے ہالینڈ کی فریڈم پارٹی کے رہنما …

توہین آمیز خاکوں کے مقابلوں کے اعلان پر ہالینڈ کے ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی،شدید احتجاج،وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اس مکروہ اور قابل مذمت سازش کی مذمت،ہالینڈ کی حکومت اور او آئی سی کے رکن ممالک کے سفیروں کے ساتھ اس مسئلہ کو بھرپور طور پر اٹھائیں،ہیگ میں پاکستانی سفیر کو ہدایت

اسلام آباد ۔ 20 اگست (اے پی پی) پاکستان نے ہالینڈ کی فریڈم پارٹی کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ گیرٹ وائلڈرز کی طرف سے توہین آمیز خاکوں کے مقابلوں کے اعلان پر ہالینڈ کی حکومت کے ساتھ اپنا بھرپور احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پیر کو ہالینڈ سفارتخانہ کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور بھرپو احتجاج ریکارڈ کرایاگیا اور اسلام کو بدنام کرنے کی جان بوجھ کر اور بدنیتی پر مبنی اس اعلان کیخلاف اپنی تشویش پر مبنی پیغام پہنچایا گیا۔ پیر کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اس مکروہ اور قابل مذمت سازش کی سختی سے مذمت کی گئی۔ بیان کے مطابق ہیگ میں پاکستان کے سفیر کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہالینڈ کی حکومت اور او آئی سی کے رکن ممالک کے سفیروں کے ساتھ اس مسئلہ کو بھرپور طور پر اٹھائیں۔ نیویارک اور جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوبین کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور دیگر اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں اور تنظیموں کے ساتھ بھی اس مسئلہ کو اٹھائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر خارجہ نے بھی او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو مراسلہ ارسال کیا اور ان کی قیادت سے معاملہ کو اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا جس کے جواب میں انہوں نے او آئی سی کی جانب سے ہالینڈ کے وزیر خارجہ کو احتجاجی مراسلہ ارسال کیا اور اس مکروہ تقریب کیخلاف آواز اٹھائی۔ معاملہ پر او آئی سی کے وزراءخارجہ کونسل کے آمدہ اجلاس میں بھی زیر غور لایا جائے گا جو ستمبر 2018ءمیں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73 ویں اجلاس کے دوران منعقد ہونے جا رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے اور توہین آمیز خاکوں کے مسئلہ پر آواز اٹھائیں گے۔ حکومت پاکستان ہالینڈ کی حکومت کے ساتھ بھرپور طریقہ سے معاملہ پر آواز اٹھاتی رہے گی اور متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر بھی اس مکروہ عمل کو روکنے کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی۔