ٹیوٹا کے زیر انتظام سنٹر آف ایکسیلنس، انسٹی ٹیوٹ آف سرجیکل ٹیکنالوجی سیالکوٹ میں تکنیکی و ووکیشنل شارٹ کورسز کے داخلے جاری

حکومتِ پنجاب کی ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا )کے زیر انتظام سنٹر آف ایکسیلنس، انسٹی ٹیوٹ آف سرجیکل ٹیکنالوجی سیالکوٹ میں مختلف تکنیکی اور ووکیشنل شارٹ کورسز کے داخلے جاری ہیں۔

سیالکوٹ۔ 08 ستمبر (اے پی پی):حکومتِ پنجاب کی ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا )کے زیر انتظام سنٹر آف ایکسیلنس، انسٹی ٹیوٹ آف سرجیکل ٹیکنالوجی سیالکوٹ میں مختلف تکنیکی اور ووکیشنل شارٹ کورسز کے داخلے جاری ہیں۔

ادارے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سرجیکل انسٹرومنٹ مینوفیکچرنگ ٹیکنیشن، CNC، ویلڈنگ، مکینیکل اور دیگر مختلف شعبوں میں مختلف لیولز کے تربیتی کورسز کروائے جائیں گے۔ ان کورسز میں مڈل، میٹرک اور متعلقہ شعبوں میں عملی تجربہ رکھنے والے امیدوار اپنی اہلیت کے مطابق داخلہ لے سکتے ہیں۔ پرنسپل انسٹی ٹیوٹ آف سرجیکل ٹیکنالوجی سیالکوٹ محمد فیصل کا کہنا ہے کہ جدید دور میں فنی تعلیم اور ہنر مند افرادی قوت کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، ٹیوٹا کے زیر اہتمام ان کورسز کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ عالمی سطح پر سرجیکل آلات اور صنعتی مصنوعات کی تیاری کا اہم مرکز ہے، اس لیے مقامی نوجوانوں کے لیے جدید ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت حاصل کرنا نہایت ضروری ہے، ادارے میں تربیت کے دوران طلبہ کو عملی تجربے اور صنعت کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی دلچسپی اور اہلیت کے مطابق کورسز میں داخلہ حاصل کریں اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے فنی تعلیم کو ترجیح دیں۔ یاد رہے کی شارٹ کورسز میں داخلے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ کلاسز کا باقاعدہ آغاز اکتوبر 2026 سے ہوگا۔