وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے جمہوریہ ترکی کے سفیر مصطفی یردکل کے درمیان ملاقات

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے جمہوریہ ترکی کے سفیر مصطفی یردکل کے درمیان ملاقات پاکستان اور ترکی کا مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا اسلام آباد ۔ 6ستمبر (اے پی پی) پاکستان اور ترکی نے مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ …

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے جمہوریہ ترکی کے سفیر مصطفی یردکل کے درمیان ملاقات
پاکستان اور ترکی کا مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا

اسلام آباد ۔ 6ستمبر (اے پی پی) پاکستان اور ترکی نے مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری اور پاکستان میں جمہوریہ ترکی کے سفیر مصطفی یردکل کے درمیان ملاقات کے دوران طے پایا۔ ملاقات کے دوران وزارت انسانی حقوق کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون، دوطرفہ تعلقات اور ایران۔پاکستان۔ترکی کے سہ فریقی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے ایک دوسرے کو مشترکہ سیاسی تجربات سے آگاہ کیا اور پاکستان اور ترکی کو درپیش مہاجرین کی بڑی تعداد میں آمد کے معاملہ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ترکی کے سفیر نے انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کیلئے حکومت پاکستان بالخصوص وزارت انسانی حقوق کی جانب سے کئے گئے اقدامات سمیت ملک میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال کی تعریف کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کیلئے اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان بھی انسانی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتا ہے اور ہم اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے کیونکہ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں