وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے دورہ کے دوران اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 6ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے جمعرات کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا اور پاک فوج کی ابھرتی ہوئی اور طویل مدتی ضروریات پوری کرنے کیلئے ادارہ کی سہولیات کو جدید بنانے کیلئے حکومت کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین ایچ آئی ٹی لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ادارہ ایچ آئی …

اسلام آباد ۔ 6ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے جمعرات کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا اور پاک فوج کی ابھرتی ہوئی اور طویل مدتی ضروریات پوری کرنے کیلئے ادارہ کی سہولیات کو جدید بنانے کیلئے حکومت کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین ایچ آئی ٹی لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ادارہ ایچ آئی ٹی کے تحقیق و ترقی کے شعبہ کے ذریعے آرمرڈ وہیکلز کو جدید بنانے کے بارے میں تندہی سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے ٹینکوں کی تیاری آرمرڈ پرسنل کیریئرز (اے پی سیز) کی تشکیل نو اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق دفاعی پیداوار کے حوالہ سے آئندہ کے اہداف کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو دیگر ممالک کے ساتھ ایچ آئی ٹی کے معاہدوں کے بارے میں بھی بتایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے کہا کہ ایچ آئی ٹی ملک کی دفاعی پیداواری استعداد بڑھانے کیلئے عظیم خدمات انجام دے رہا ہے۔ ان کی وزارت اہداف کے حصول کیلئے ایچ آئی ٹی کو تمام تر معاونت فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر نے ایچ آئی ٹی ڈسپلے سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ جہاں الخالد ٹینک، الضرار ٹینک، آرمرڈ پرسنل کیریئر، بلٹ پروف گاڑیاں اور جیکٹس نمائش کیلئے رکھی گئی تھیں۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کینٹ کا بھی دورہ کیا۔ پی او ایف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیّد نسیم رضا نے انہیں ادارہ کے کردار اور منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

مزید خبریں