وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کی بیرون ممالک میں دس ہزار جائیدادوں کا سراغ لگایا گیا ہے، جس پر 300 جائیدادوں کے مالکان کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ لندن میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مزید دو فلیٹ سامنے آئے ہیں ۔ باہمی قانونی معاونت (میوچل لیگل اسسٹنس) بل اور …

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کی بیرون ممالک میں دس ہزار جائیدادوں کا سراغ لگایا گیا ہے، جس پر 300 جائیدادوں کے مالکان کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ لندن میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مزید دو فلیٹ سامنے آئے ہیں ۔ باہمی قانونی معاونت (میوچل لیگل اسسٹنس) بل اور وسل بلوور ایکٹ منظوری کیلئے جلد وفاقی کابینہ میں پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی منظوری سے اثاثہ ریکوری یونٹ نے کام شروع کر دیا ہے، اس یونٹ میں نیب ، ایف آئی اے ، ایف بی آر سمیت دیگر محکموں کے نمائندے شامل ہیں ۔ اس یونٹ نے برطانیہ اور دبئی میں پاکستانیوں کی دس ہزار سے زائد جائیدادوں کا سراغ لگایا گیا ہے۔ان میں سے 895 جائیدادوں پرکارروائی کی جائیگی جبکہ 300جائیدادوں پر نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی۔ سیاسی شخصیات (پولیٹیکلی ایکسپوز پیپلز) میں سب آتے ہیں، جس نے بھی کوئی سرکاری عہدہ رکھا ہوگا بدعنوانی ثابت ہونے پر اس کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں جن کمپنیوں کے نام آئے ہیں انکی تفصیلات منگوا رہے ہیں، متعلقہ ممالک سے تفصیلات موصول ہونے کے بعد انکے مالکان سے بھی تفیصلات طلب کریں گے اور پھر اس پر کارروائی آگے بڑھے گی۔