پاکستان اور جرمنی کے سٹریٹجک مذاکرات کا چوتھا مرحلہ، دو طرفہ مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

57

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) پاکستان اور جرمنی کے سٹریٹجک مذاکرات کا چوتھا مرحلہ جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں دو طرفہ مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستان جبکہ فیڈرل فارن آفس کے سٹیٹ سیکرٹری والٹر لینڈر نے جرمن وفد کی قیادت کی۔ دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعلقات کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیااور سیاسی، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، میڈیا اور پارلیمانی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید فورغ دینے کے امکانات کی نشاندہی کی۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے جمہوری و سیاسی استحکام میں پاکستان کی پیشرفت اور ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میںکامیابیوں اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو بھی اجاگر کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ نے اصلاحاتی ایجنڈا، نئی حکومت کی ترجیحات بالخصوص خطے میں ملکی خارجہ پالیسی اور افغانستان میں امن عمل میں پاکستان کی کوششوں سے متعلق بریف کیا اور جرمن کمپنیوں کو بجلی کی پیداوار، قابل تجدید توانائی، آٹو موبائل اور زرعی سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔