اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ہاﺅسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک مثبت سوچ کے حامل پرعزم شخص ہیں جو دلیرانہ طریقے سے ملک و قوم کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے بیرونی ممالک کے کامیاب دوروں اور حکومت کی موثروکارآمد پالیسیوںکی وجہ سے پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت ملک میں سیاسی و اقتصادی استحکام لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز اور متحرک قیادت کے تحت کابینہ کے اراکین مختلف عوامی فلاحی منصوبوں کے ذریعے عوام کو سہولت دینے کے لیے موثر طریقے سے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کی قیادت وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی مکمل حمایت کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اتحادیوں کو یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہی ملک کو بحران سے باہر نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔